ہمیں فالو کریں
Banner
وزیر نیوز۔

وزیرخارجہ کی زیرصدارت اجلاس میں منی لانڈرنگ،دہشتگردوں کی مالی معاونت روکنے کی قومی حکمت عملی پر غور

جمعه 10/9/2021

خارجہ امور اور بین الاقوامی تعاون کے وزیر شیخ عبداللہ بن زاید آل نھیان نے منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں کی مالی معاونت سے نمٹنے کے لیے قومی حکمت عملی کی نگرانی کرنے والی اعلیٰ کمیٹی کے بارہویں اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کو متعلقہ حکام کی جانب سے منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں کی مالی معاونت سے نمٹنے کے حوالے سے پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو متحدہ عرب امارات کی طرف سے آنے والے دنوں میں کیے جانے والے ٹارگٹڈ اقدامات اور اصلاحات سے بھی آگاہ کیا گیا جن کے بارے میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کو اکتوبر 2021 میں رپورٹ پیش کی جائے گی۔ انسداد منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کی فنانسنگ (AML/CFT) کے انسداد کے ایگزیکٹو آفس نے اجلاس کو ایک پریزنٹیشن میں FATF کے حوالے سے ملک کی پیش رفت، منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں کی مالی معاونت سے نمٹنے کے لیے قومی ایکشن پلان کے نفاذ میں تازہ ترین پیش رفت اور ایف اے ٹی ایف کی سفارشات سے متعلق مختلف اہداف کو پورا کرنے سے متعلق نمایاں کامیابیوں، چیلنجز اور ملک کے مختلف اداروں اور ٹاسک فورسزکی کوششوں کو اجاگر کیا۔ کمیٹی کو حال ہی میں منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کی مالی معاونت (AML/CFT) سے نمٹنے کے لیے قومی کمیٹی کی جانب سے اختیار کیے گئے قومی اقدامات اور منصوبوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی جن میں عدم سزا پر مبنی ضبطی کے طریقہ کار اور ضبطی کے قانون سازی فریم ورک سے متعلق سٹڈیزشامل ہیں۔ کمیٹی نے ریاستی سطح پر ورچوئل اثاثوں کی ریگولیشن کے عمومی فریم ورک کو اپنانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا جس کا مقصد ورچول اثاثوں سے منسلک منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں کی مالی معاونت کے خطرات کو کم کرنے کے لیے قانون سازی اور نگرانی کا طریقہ کار فراہم کرنا ہے۔ اجلاس میں وزیر مملکت برائے مالیاتی امور عبید الطائر، وزیر انصاف سلطان سعید البادی، کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے وزیر حصہ بومحید، وزیر اقتصادیات عبداللہ بن طوق المری، وزیر مملکت احمد بن علی الصیغ، متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک کے گورنر خالد بالاما التمیمی، کمشنر آف کسٹمز اور فیڈرل کسٹمز اتھارٹی کے چیئرمین علی سعید مطر النیادی، دبئی میں قومی سلامتی کے محکمے کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل طلال الفلاسی اور دبئی پولیس کے کمانڈر انچیف جنرل لیفٹیننٹ جنرل عبداللہ خلیفہ المری شریک تھے۔ ترجمہ: ریاض خان ۔

ٹول ٹپ